اونٹ اور شیر کے بارے میں محاورات
اونٹ اور شیر کے بارےمیں عرب دنیا کے محاورات
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اونٹ تجارتی سر گرمیوں کی وجہ سے اہل عرب کا پسندیدہ مال ہے اور شیر اپنی بہادری کی وجہ سے عرب والوں کا پسندیدہ جانور ہے کیونکہ اہل عرب بھی بہادری میں بے مثال درجہ رکھتے تھے۔اسی اہمیت کے پیش نظران دونوں جانوروں کے بارے میں عرب کے معاشرے میں بہت سارے محاورے اور ضرب الامثال موجود ہیں آئیے ان پر نظر ڈالتے ہیں
(اونٹ)
حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کچھ لوگ ایسے سو اونٹوں کی طرح ہیں جن میں سے کوئی بھی سواری کے قابل نہ ہو
اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ عمدہ صفات والے لوگ بہت کم ہیں جیسے سواری کے قابل اونٹ کم ہوتے ہیں
یا اس کا مطلب یہ ہے دنیا میں زھد و قناعت والے اور دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے لوگ بہت کم ہیں
عرب میں ایک مقولہ مشہور ہے
اس نے جی بھر کر گالیاں دی برا بھلا کہا اوراونٹ لے کر چل دیا
یہ مثال اس شخص کیلئے بیان کی جاتی ہے جو بدگوئی لفاظی تو بہت کرتا ہو البتہ کام کی بات بلکل نہ جانتا ہو
ایک محاورہ یوں ہے
مَا ھٰکَذَا یَا سَعدُ تُورَدُ الِابِلُ
اے سعد اونٹوں کو اس طرح پانی نہیں پلایا جاتا یعنی کے زندگی کے معاملات کو اس برے طریقے سے انجام نہیں دیا جاتا یہ اس شخص کیلئے مثال دی جاتی ہے جو نازیبا قسم کے امور کو سرانجام دیتا ہو(بعض حضرات نے اس مثال کو حضرت علیؓ کی طرف منسوب کیا ہے کہ یہ ان کا کہا ہوا جملہ ہے)
عرب کے لوگ کہتے ہیں
یَا اِبِلِی عُودِی اِلٰی مَبَارَکِ
ترجمہ :اے میرے اونٹ اپنے باڑے کی طرف واپس آ جا لوٹ آ
یہ مثال ایسے شخص کیلئے بولی جاتی ہے جو اپنے لئے فائدہ مند چیزوں سے بھاگے اور ان کو اختیا نہ کرے
اونٹ اور شیر کے بارے میں محاورات بڑے دلچسپ ہیں
خواب میں اونٹ کو دیکھا جائے تو تعبیر کیا ہو گی؟
اگر کسی نےخواب میں دیکھا کہ وہ سو اونٹوں کا مالک بن گیا ہے تو اس کی تعبیر یہ ہو گی کہ وہ باعزت و شرف لوگوں کا حکمران بنے گا اور اس کو بہت سا مال ودولت ملے گااور اگرخواب میں اونٹنی نظر آئی تو اسکی تعبیر بھی یہی ہو گی۔
اور اگر خواب میں دیکھا کے کافی سارے اونٹ اس کو ملے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ اس کودنیا میں بہترین بدلہ و صلہ ملے گا اور دین و عقیدہ میں سلامتی نصیب ہو گی کیونکہ اللہ تعالی قرآن پاک میں فرماتا ہے اَفَلَا یَنظُرُونَ اِلٰی الِابِلِ کَیفَ خُلِقَتْ
اس آیت میں اونٹوں کے نعمت ہو نے کی طرف اشارہ ہے
اور اگر کسی نے خواب میں صرف جمل (یعنی نر اونٹ) کو دیکھا تو مطلب یہ ہوگا کہ وہ برے اعمال کا ارتکاب کرے گا کیونکہ ارشاد باری ہےوَلَا یَدْخُلُونَ الجَنَّۃَ حَتّٰی یَلِجَ الجَمَلُ فِی سَمِّ الخَیاطِ
اس آیت میں جنت میں داخل ہونے کو اتنا مشکل قرار دیا ہے جتنا اونٹ کا سوئی کے ناکے میں داخل ہونا۔
دوسری جگہ ارشاد ہے اِنَّھَا تَرْمِی بِشَرَرٍ کَالقَصْرِکَاَنَّہُ جِمٰلٰتٌ صُفُرٌ۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ دوزخ کی آگ محلات کے برابر بڑی بڑی چنگاریاں چھوڑے گی جو اچھلتی کودتی زرد رنگ کے اونٹوں کی طرح نظر آئیں گی
اور اگر کسی نے خواب دیکھا کہ وہ عربی اونٹوں کو چرا رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ عرب کا سردار بنے گا
اگر خواب میں دیکھا کہ کسی شہر میں اونٹ ہی اونٹ ہیں تو تعبیر یہ ہے کہ اس شہر میں وبا پھیلنے کا یا جنگ کا خطرہ ہے
اونٹ اور شیر کے بارے میں محاورات دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ مزیدار بھی ہیں
شیر کے بارے محاورات
ایک محاورہ ہےھُو اَکرَمُ مِنَ الاَسَدِ وہ شیر سے زیادہ شریف ہے۔
دوسرا ھُوَاَبْخَرُ مِنَ الاَسَدِ وہ شیر سے زیادہ منہ کا گندہ ہے۔
تیسرا ھُواَکْبَرُ مِنَ الاَسَدِوہ شیر سے زیادہ بڑا ہے یعنی شیر سے زیادہ عمر ہے اس کی۔
چوتھا ھُو اَشْجَعُ مِنَ الاَسَدِ وہ شیر سے زیادہ بہادر ہے۔
پانچواں ھُواَجْرَأُ مِنَ الاَسَدِ وہ شیر سے زیادہ جرأت مند ہے۔
اَسَدُ الشِّرٰی (شیروں کی وادی ) نام کی ایک جگہ ہے عرب اپنی گفتگو میں اس کو بھی استعمال کرتے ہیں چنانچہ فرزدق نانی شاعر کہتا ہے کَسَاعٍ اِلٰی اَسَدِ الشِّرٰی یَشْتَبِیلُھَااس کا مفہوم یہ ہے کہ جو میرے اور میری بیوی کے درمیان فساد برپا کرنے کی کوشش کرتا ہے وہ شیروں کی وادی سے شیروں کے بچوں کو اٹھا کر لا نے والوں کی طرح ہے یعنی جیسے اس کی جان خطرے میں ہے اسی طرح اس فسادی کی جان بھی خطرے میں ہے۔
شیر کوخواب میں دیکھنے کی تعبیر
شیرکو خواب میں دیکھنے کے مختلف مطالب ہیں۔
کبھی اس کو دیکھنا ظلم و جبر کی علامت ہوتا ہے کبھی زبردست بہادری کی اور مضبوط گرفت کی نشانی ہوتی ہے۔
کبھی خطرناک دشمن اور کامیاب حملہ آور کی علامت ہوتا ہے۔
شیر کے حملہ سے چونکہ کوئی بھی محفوظ نہیں ہوتا نہ دوست نہ دشمن اس لئے شیر خواب میں اکثر موت کی خبر دینے والا سمجھا جاتا ہے ۔
کبھی کبھی مریض کے صحت یاب ہونے اور خوشخبری کا ذریعہ بھی ہوتا ہے۔
چنانچہ اگر کسی نے خواب میں شیر کو اس طرح دیکھا کہ یہ تو شیر کو دیکھ رہا ہے لیکن شیر اس کو نہیں دیکھ رہا اور یہ شیر سے بھاگنے کی کوشش کر رہا ہے تو اس کی تعبیر یہ ہو گی کہ اس کو جس چیز سے ڈر تھا خوف تھا اس سے حفاظت ہو گی نجات ملے گی ارو مزید یہ کہ اس کو علم و حکمت بھی نصیب ہوگی کیونکہ ارشاد باری ہے
فَفَرَرْتُ مِنْکُم لَمَّا خِفْتُکُم فَوَھَبَ لِی رَبِّی حُکمًا وَجَعَلَنِی مِنَ المُرسَلِینَ
اس کا مفہوم یہ ہے کہ جب مجھے تم سے خوف لگا تو میں بھاگ گیا پھر مجھے میرے رب نے حکمت عطا فرمائی اور مجھے مرسلین میں شامل فرما دیا۔
محمد بن سیرینؒ مشہور مُعَبِّر(یعنی تعبیر دینے والا) ہیں فرماتے ہیں کہ اگر کسی نے خواب میں دیکھا کہ شیراس کے سامنے مقابل ے میں آ گیا ہے اور یہ شیر سے دور بھا گ رہا ہے تو اس کی تعبیر ہوگی یہ خواب دیکھنے والابخار میں مبتلا ہوگا یا جیل میں زندگی گزارے گا،لیکن کبھی یہ تعبیر بھی دی جاتی ہے کہ یہ کسی مرض میں مبتلا ہوگا، اور اگر خواب میں دیکھا کہ وہ شیر کے بال یا ہڈی یا گوشت پکڑے ہوئے ہے تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ اس کو کسی حاکم یا دشمن سے دولت ملے گی۔
اور اگر خواب میں اپنے آپ کو شیر پر سواری کرتے ہوئے دیکھا لیکن ساتھ ساتھ یہ ڈر بھی رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اس پر کوئی آزمائش آئے گی۔
لیکن اگر خوف محسوس نہیں ہو رہا تو اس کا مطلب ہے کہ اس کو دشمن پر غلبہ ملے گا۔
اوراگر یہ دیکھا کہ وہ شیر کے ساتھ بغیر کسی خوف کے لیٹا ہوا ہے تو اس کی تعبیر یہ ہوگی وہ دشمن سے محفوظ رہے گا۔
اور اگر خواب میں دیکھا کہ وہ شیر کا سر کھا رھا ہے تو تعبیر یہ ہو گی کہ اس کو کسی ملک کا بادشاہ بنایا جائے گا۔
اور اگر خواب میں دیکھا کہ وہ شیر کو چرا رہا ہے تو مطلب یہ ہے کہ یہ کسی ظالم حاکم کے ساتھ بھائی چارگی کا معاملہ کرے گا۔
اور اگر خواب میں دیکھا کہ شیر کا بچہ اس کی گود میں ہے تو تعبیر یہ ہو گی کی اس کے گھر میں بچے کی ولادت ہو گی بشرطیکہ جب خواب دیکھا تھا اس وقت اہلیہ کو حمل ہو۔
اوراگر گھروالی کو حمل نہیں ہے تو مطلب یہ ہو گا کہ وہ کسی امیر بچے کی پرورش کرے گا۔
اور اگر خواب میں دیکھا کہ شیر نے اسے قتل کر دیا ہے یہ دیکھنے والا اگر غلام ہے تو آزاد ہوگا ورنہ کسی بادشاہ یا حاکم کے خوف میں مبتلا ہو گا۔
اور اگر شیر کو چنگھاڑتے ہوئے دیکھا تو مطلب یہ ہے کہ اس کو کسی حاکم سے ڈانٹ پڑنے کا خدشہ ہوگا۔
اور اگر خواب میں دیکھا کہ شیر اس کی خوشامد کر رہا ہے تو مطلب یہ ہوگا کہ اس سے عجیب وغریب معاملات سرزد ہوں گے اور یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ دشمن پرغلبہ حاصل ہو گا۔
Leave a Comment